تحریکِ منہاج القرآن دیپالپور کے زیرِ اہتمام پانچ روزہ دروسِ عرفان القرآن کی دوسری نشست کا شاندار انعقاد

دیپالپور: تحریک منہاج القرآن دیپالپور کے زیرِاہتمام پاک مدینہ میرج ہال میں پانچ روزہ دروسِ عرفان القرآن کی دوسری نشست کا انعقاد کیا گیا۔ اہلِ دیپالپور، علمائے کرام، خواتین، طلبہ و طالبات اور کارکنان تحریک منہاج القرآن کی کثیر تعداد نے شرکت کر کے محفل کو رونق بخشی۔
درسِ قرآن سے علامہ رانا محمد ادریس قادری (نائب ناظمِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن سنٹرل پنجاب) نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے خاندانی نظام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے زوجین کے باہمی حقوق و فرائض پر مدلل اور فکر انگیز گفتگو فرمائی۔ انہوں نے قرآن و سنت کی روشنی میں واضح کیا کہ خاندانی معاشرے کی بنیادی اکائی ہے اور ایک مضبوط، متوازن خاندان ہی ایک صالح معاشرے کی بنیاد ہے۔ میاں بیوی کے درمیان مودّت (محبت)، رحمت (شفقت)، اعتماد، رواداری اور حسنِ سلوک ہی خاندانی سکون اور استحکام کے ضامن ہیں۔
علامہ رانا محمد ادریس قادری نے موجودہ دور میں گھریلو مسائل اور چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ زوجین اگر اپنی ذمہ داریوں کو شعوری طور پر سمجھ کر عملی زندگی میں اپنائیں اور دینی تعلیمات کے مطابق رویہ اختیار کریں تو گھریلو تنازعات کا خاتمہ ممکن ہے۔ برداشت، مثبت مکالمہ اور ایک دوسرے کے حقوق کی ادائیگی کامیاب ازدواجی زندگی کے بنیادی اصول ہیں۔
درسِ قرآن میں صدر تحریک منہاج القرآن تحصیل دیپالپور حاجی مظہر سلیم، قائدین تحریک منہاج القرآن، کارکنان، علمائے کرام، خواتین، طلبہ و طالبات اور اہلِ علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔























تبصرہ